پیٹرولیم لیوی،جماعت اسلامی نے6 تجاویز پیش کر دیں،جمعرات کو دوبارہ مذاکرات

حکومتی کمیٹی سے پیٹرولیم لیوی کے حوالے سے مذاکرات میں جماعت اسلامی نے 6 تجاویز پیش کردیں جب کہ مذاکرات جمعرات کو دوبارہ ہوں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں:مطالبات تسلیم نہ ہونے پر حکومت گرائو تحریک چلائیں گے، حافظ نعیم

حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے مذاکرات میں شرکت کی۔

مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی دعوت دی اور اس سے پٹرولیم لیوی کے حوالے سے تجاویز طلب کی تھیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام پر اضافی بوجھ پڑے، تاہم دنیا بھر کی معیشتیں ایران جنگ سے متاثر ہوئی ہیں اور بعض مواقع پر حکومت مجبور ہوجاتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اپنی تجاویز حکومت کے سامنے پیش کردی ہیں، جن کا متعلقہ اداروں کی رائے کی روشنی میں جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی کی کوئی تجویز ناقابلِ عمل ہوئی تو اس سے بھی جماعت اسلامی کو آگاہ کیا جائے گا، متعلقہ اداروں سے رائے لینے کے بعد حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جمعرات کو دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

مذاکراتی کمیٹی میں شامل مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ سےصحافی نے صوبوں سے متعلق سوال کیا کہ جس کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی سےمتعلق ہی سوال کریں۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا ہےتاہم مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی کے دھرنے، احتجاج اور جلسے جاری رہیں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی کے حوالے سے جماعت اسلامی نے مذاکراتی ٹیم تشکیل دی تھی، جبکہ حکومتی کمیٹی کا مطالبہ تھا کہ دھرنے مؤخر کر دئیے جائیںتاہم جماعت اسلامی نے مذاکرات کو ترجیح دی ہے، ہمارا اصل مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے اور توقع ہے کہ مذاکرات کے اگلے راؤنڈ میں عوام کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیوی کے نام پر عوام سے زیادہ پیسہ وصول کیا، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 80 روپے لیوی ہے، اسے ختم کیا جائے۔

عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں کے تعین کا علم ہمیں بھی ہے، ہم کوئی ناجائز مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ عوام کو ریلیف دینے کی بات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ نے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حکومتی ٹیم کے سامنے 6 تجاویز رکھی ہیں، جن پر عمل درآمد سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، غیر ترقیاتی اخراجات میں بھی کمی کی جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں، پٹرول پر ناجائز لیوی ختم ہونے سے سب کو ریلیف ملے گا۔ عوام کو ریلیف ملنے سے ہی معاشی پہیہ چلے گا۔