مزار

مظفر آباد:شہید نائیک سیف کے مزار پر قومی جذبے کا شاندار مظاہرہ

مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل ) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہید نائیک سیف کے مزار پر پاک فوج کے زیر اہتمام عظیم الشان اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان صارم، ایس پی چوہدری عدیل احمد لنگڑیال، اعلیٰ فوجی حکام، سول انتظامیہ کے افسران، شہداء کے لواحقین، عمائدین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع پاکستان،ایل او سی کیرن کی یادگارِ شہداء پر پاک فوج کی سلامی

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے احترام میں شرکاء نے کھڑے ہو کر قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر ،پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شہید نائیک سیف کے مزار پر حاضری دے کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

شرکاء نے شہید کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو سلام پیش کیا۔

تقریب کے دوران شہید نائیک سیف کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

شہداء کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، استحکام اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے دعا بھی کی گئی۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے، جب پاک فوج اور قوم نے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے بے مثال شجاعت، عزم اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا ئے پاکستان ہمارا قومی سرمایہ اور ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم اپنے شہداء کے عظیم کارناموں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید نائیک سیف جیسے بہادر سپوتوں نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے۔

شہداء کی قربانیاں ملک کی سلامتی، آزادی اور خودمختاری کی ضامن ہیں۔تقریب میں شہداء کے لواحقین نے بھی شرکت کی اور اپنے پیاروں کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ میں یوم دفاع پاکستان کی پروقار تقریب، شہداء کو خراج تحسین پیش کیاگیا

اس موقع پر پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی اور عقیدت کا اظہار کیا گیا۔یوم دفاع کے موقع پر کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا۔