محکمہ موسمیات

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں کے بعض حصوں میں موسم کے تیور تبدیل ہوسکتے ہیں۔

بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شام اور رات کے اوقات کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دیر، سوات، چترال، کوہستان اور بٹگرام میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

مری اور گلیات میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع
مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر موسم نسبتاً خوشگوار ہوسکتا ہے۔

سندھ میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دارالحکومت مظفرآباد میں چند منٹوں کی تیز بارش، شہر جل تھل، سڑکیں تالاب بن گئیں

کراچی اور ساحلی علاقوں میں بوندا باندی متوقع
کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم صوبے کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور جموں و کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ مجموعی طور پر ان علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی بعض علاقوں میں بارش
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم پنجاب، پٹن اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

سرگودھا میں سب سے زیادہ 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب میں سب سے زیادہ بارش سرگودھا میں ہوئی، جہاں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں بھی 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

سبی ملک کا گرم ترین مقام، درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دادو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔