ملک بھر کے شہریوں کیلئے ای پاسپورٹ سے متعلق اہم سہولت متعارف کرادی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر سے پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رہنے والے شہری فائدہ اُٹھا سکیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے تحت شہریوں کو ای پاسپورٹ کی تجدید اور دوبارہ پرنٹ حاصل کرنے کیلئے نادرا سینٹرز میں سہولت میسر ہوگی۔
تاہم نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، پاسپورٹ میں کسی قسم کی تبدیلی اور نئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا حصول بدستور متعلقہ پاسپورٹ دفاتر سے ہی ممکن ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حج 2027ء کی رجسٹریشن جاری، خواہشمند افراد کو فوری پاسپورٹ بنوانے کی ہدایت
حکام کے مطابق نادرا سینٹرز میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹرز کو بھی مرحلہ وار ختم کیا جائے گا، جبکہ ان کاؤنٹرز پر تعینات پاسپورٹ عملے کو واپس بلایا جائے گا۔
نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کا بائیومیٹرک اور ذاتی ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔
یہ پاسپورٹ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کی تنظیم (ICAO) کے مقرر کردہ عالمی معیارات کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:یو اے ای ،پاکستانی سفارتخانے میں پاسپورٹ پراسیسنگ معطل ،بڑی وجہ سامنے آگئی
ای پاسپورٹ میں NFC چِپ کے علاوہ لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز بھی شامل ہوں گے۔
ان جدید حفاظتی خصوصیات کے ذریعے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل مزید محفوظ، تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔




