حکومت سازی

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا مرحلہ آگیا، آج 8 وزرا کا حلف اٹھانے کا امکان

Pakistan SCO Summit 2026

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہونے کا امکان ہے، کابینہ کی تشکیل دو مراحل میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں آج 8 وزراء کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جن کی حلف برداری شام 4 بجے کے بعد ایوانِ صدر مظفرآباد میں ہوگی جبکہ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نومنتخب وزراء سے حلف لیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی : ن لیگ کے 9منتخب اراکین اسمبلی مظفرآباد طلب

اس سے قبل وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج سہہ پہر طلب کر لیا ہے، جس میں اتحادی جماعت عوامی دست و بازو کے رکن ساجد اقبال سمیت ن لیگ کے تمام ارکان اسمبلی شرکت کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پہلے مرحلے کی کابینہ کے حتمی ناموں اور قلمدانوں کی منظوری دی جائے گی۔ متوقع طور پر وقار احمد نور کو ہائر ایجوکیشن، چوہدری اظہر صادق کو زراعت، راجہ ثاقب مجید کو لوکل گورنمنٹ، راجہ عمیر نعیم کو تعلیم، راجہ ریاست کو برقیات، سردار میر اکبر خان کو جنگلات، مصطفیٰ بشیر عباسی کو صحت جبکہ اوورسیز نشست سے کامیاب عبدالرحمان آرائیں کو سیاحت و صنعت کا قلمدان دئیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ قلمدانوں پر بعض متوقع وزراء کے تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر حکومت سازی کے خلاف مظفرآباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر، 15 ستمبر کو سماعت ہوگی

کابینہ کے دوسرے مرحلے میں مزید وزراء اور مشیروں کو شامل کیا جائے گا،جبکہ حتمی فیصلہ آج ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متوقع ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026