مری میں سنگدل ماں نے اپنے ہی 2ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر نالے میں پھینک کر قتل کر دیا۔
مری کے نواحی گاؤں گوہڑہ مسیاڑی میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سگی ماں نے ہی مبینہ طور پر اپنے 2ماہ کے معصوم بچے کو برساتی نالے میں پھینک دیاجس کے نتیجے میں بچہ جاں بحق ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پمز سانحہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت8 افسر معطل، بچہ بچانے والی نرس کو ایوارڈ کا اعلان
اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور نالے سے بچے کی لاش برآمد کر کے اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا ہے۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران والدہ کا موقف سامنے آیا ہے کہ ان کے پہلے سے 6بچے موجود تھے اور غربت کی وجہ سے مزید بچوں کو پالنا ان کے لیے مشکل ہو چکا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے ڈی ایس پی مری عرفان بٹ اور ایس ایچ او تھانہ مری طیب بیگ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 2ماہ کے بچے مجتبیٰ کو والدہ نبیلہ نے ہی نالے میں پھینکا جس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچے کا والداسلام آباد کے ایک بینک میں آفس بوائے ہے ،اس کے پہلے سے6بچے ہیں اور یہ ساتواں بچہ تھا،پولیس اس پر مزید تحقیقات کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایبٹ آباد: طوفانی بارش سے تباہی،ایک بچہ، تین بچیاں سیلاب میں بہہ گئیں
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، بچے کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ہے،ہم نے بچے کے والد اور والدہ دونوں کو حراست میں رکھا ہے لیکن ملزمہ والدہ ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچے کا والد بہت پریشان ہے اور اس کی لوکیشن بھی وہاں موجود نہیں تھی،ہم فیملی کی مدد کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ والدہ کے ذہنی توازن سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔




