شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے تحت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے دوران وفاقی وزیر نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق امور، بالخصوص جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر وزیراعظم کو تفصیل سے بریفنگ دی۔

آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات اور ترقیاتی ایجنڈا:

انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل کارآمد لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد، گارڈ آف آنر پیش

وزیراعظم یوتھ پروگرام پر اعلیٰ سطحی بریفنگ:

دریں اثناء، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں یوتھ پروگرام کے تحت جاری اقدامات، منصوبوں اور مستقبل کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا، جن میں جدید تعلیم و تربیت، مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر مندی کی فراہمی، ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع کی تخلیق اور روزگار و کاروباری سہولیات میں اضافہ شامل ہے۔

نوجوانوں کے لیے شفاف اور مؤثر اقدامات کی ہدایت:

اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تعلیمی، ہنر مندی، ڈیجیٹل اور فلاحی پروگراموں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور ان کے شفاف اور مؤثر نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔

اور پڑھیں: حکومت آزاد کشمیر کا بڑا ایکشن: ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سجاد حسین عہدے سے معطل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا نوجوان طبقہ پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں کو مزید مؤثر اور نوجوانوں کی واقعی ضرورت کے مطابق بنایا جائے، نیز ترجیحی منصوبوں کی رفتاربھی تیز کی جائے۔

مزید پڑھیں: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے نوجوانوں کو فورسز پر حملوں کے لیے اکسایا: ایس ایس پی خاور علی شوکت

Pakistan SCO Summit 2026