امریکا کے پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر حملے، کشیدگی پھر بڑھ گئی

Pakistan SCO Summit 2026

امریکی فوج نے کہا ہےکہ انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کے اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں، یہ حملے پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں اور خطے میں تعینات امریکی اہلکاروں کیخلاف حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیاکہ ایران کے ساحلی شہر بندر عباس ، قشم جزیرہ اور سیرک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ سیرک کے قریب حملےمیں 2افراد شہید ہو گئے ہیں۔

ایران کی جوابی کارروائی شروع

ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے امریکی جارحیت کے جواب میں اپنی فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور ان کے مفادات کو اب ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے ایران کیخلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان مسترد کر دیا

قبل ازیں ایرانی عہدیدار نے بھی امریکی حملوں پر رد عمل دیتے ہوئےکہا تھا کہ ایران امریکی حملوں کا جواب کئی گنا زیادہ شدت سے دے گا، خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا جائےگا۔

امریکاکو پچھتانا پڑے گا،پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریبی علاقوں میں ہونے والے تازہ امریکی حملوں پر امریکاکو پچھتانا پڑے گا۔

آبنائے ہرمز اور اس کے مشرقی حصوں کے متعدد علاقوں میں امریکی حملوں کے بعد پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ جارحیت کرنے والوں کو کڑی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکا ان نئے حملوں پر ضرور پچھتائے گا۔

ایران نے حملوں کا جواب دیا تو مزید شدت کیساتھ حملے کرینگے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے تازہ امریکی حملوں کا جواب دیا تو اس پر مزید شدت کے ساتھ حملے کیے جائیں گے۔

اپنے سماجی رابطےکے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت امریکا آبنائے ہرمزم کے قریب ایرانی اہداف پر حملے کررہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ بہت شدید حملے ہیں جو ایران کی جانب سے اردن میں امریکی اڈے پر 8 میزائل فائر کرنے اور آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی ناکام کوشش کے جواب میں کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جزیرہ لارک پر حملے کا جواب، ایران نے اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنادیا

ٹرمپ نے کہا کہ اردن میں امریکی اڈے پر داغے گئے تمام ایرانی میزائل روک لیے گئے تھے اور آبنائے ہرمز سے بھی تمام بارودی سرنگیں ہٹادی گئی ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر ناکام ملک ایران نے تازہ امریکی حملوں کا جواب دیا تو اس پر مزید شدت کے ساتھ حملہ کیا جائے گا لیکن یہ ہمارا سب سے بڑا حملہ نہیں ہوگا، وہ ابھی باقی ہے اور جب وہ حملہ ہوگا تو اسلامی جمہوریہ ایران کا بہت کم حصہ ہی باقی بچے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026