تہران: ایران میں ایک ہفتے کے دوران 59 زلزلے ریکارڈ کئے گئے جس نے ملک میں زلزلہ خیزی کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔
تہران یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس کے سیسمولوجیکل نیٹ ورکس کے مطابق 15 سے 21 اگست کے دوران ایران میں 54 زلزلوں کی شدت 3 سے کم، 3 زلزلوں کی شدت 3 سے 4 جبکہ 2 زلزلوں کی شدت 4 سے 5 کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:نیپال سیلاب کی وجہ زلزلہ نہیں تھا ، امریکی ادارے کی وضاحت سامنے آ گئی
رپورٹ کے مطابق 19 اگست کو کرمانشاہ صوبے میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 تھی۔
صوبوں میں خراسان رضوی 13 زلزلوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ کرمانشاہ اور کرمان میں 7،7 اور سمنان میں 6 زلزلے ریکارڈ کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے کے دوران تہران، مشرقی و مغربی آذربائیجان، اردبیل، البرز، جنوبی خراسان سمیت 15 صوبوں میں کوئی زلزلہ ریکارڈ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:انڈونیشیا میں7.7شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
تہران یونیورسٹی کے مطابق مارچ 2025 سے مارچ 2026 تک ایران بھر میں 2.5 سے زیادہ شدت کے 2 ہزار 380 زلزلے ریکارڈ کیے گئے جن میں 910 کی شدت 3 سے زیادہ، 130 کی شدت 4 سے زیادہ اور 15 زلزلوں کی شدت 5 سے زیادہ تھی۔
ایران دنیا کے انتہائی زلزلہ خیز خطوں میں واقع ہے۔ دنیا کے تقریباً 2 فیصد زلزلے ایران میں آتے ہیں جبکہ 20ویں صدی کے دوران دنیا بھر میں زلزلوں سے ہونے والی اموات میں 6 فیصد سے زیادہ ایران میں رپورٹ ہوئیں۔




