ترک صدر کا مسلم ممالک کو دیوار کی مانند مضبوط اتحاد کا پیغام

استنبول : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو دیوار کی اینٹوں کی طرح متحد ہونا ہوگا۔

میلاد النبیؐ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسلامی دنیا میں مضبوط اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ مسلم ممالک کے درمیان اختلافات کم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلا دیش کا پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں شمولیت کا امکان

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم دنیا کا اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، مسلمان صدیوں تک تاریخ رقم کرتے رہے اور دنیا میں نظم و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ دنیا اس وقت حق اور باطل کے درمیان ایک تاریخی جدوجہد سے گزر رہی ہے، اس جدوجہد میں انشاء اللہ حق غالب آئے گا۔

ترک صدر نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو کم کر کے مشترکہ مفادات اور امت کے اتحاد کیلئے مل کر کام کریں، مضبوط اتحاد ہی اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز کا موثر مقابلہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

صدر اردوان نے اسرائیل کی پالیسیوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صہیونیت پر مبنی انتہا پسند اور قابض نظریہ خطے کے امن کے ساتھ ساتھ انسانی اقدار کا دفاع کرنے والوں کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ غزہ دنیا کا سب سے بڑا بچوں کا قبرستان بن چکا ہے، جہاں فلسطینی بنیادی ضروریات کی شدید قلت کے باوجود زندگی بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

لبنان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 13 لاکھ افراد بے گھر، 4 ہزار سے زائد جاں بحق اور 12 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز کی بندش کسی کے مفاد میں نہیں، دوبارہ کھولنا ترجیح، ترک صدر

ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ کی کوششیں صرف اپنے مفاد کے لیے نہیں بلکہ خطے کے تمام لوگوں اور ’’انسانیت کے محاذ‘‘ کیلئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ خطے میں امن و سلامتی کے قیام اور اسلامی دنیا میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔