وزیراعظم افتخار گیلانی کا جلد لاہور دورہ متوقع، کابینہ پر اہم مشاورت کا امکان

آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی کا جلد لاہور دورہ متوقع، کابینہ کی تشکیل پر اہم مشاورت ہوگی

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔۔

ذرائع کے مطابق وہ جلد لاہور کا دورہ کریں گے، جہاں قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کی دربار سائیں سخی سہیلی سرکار پر حاضری

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ مریم نواز شریف کی چین سے وطن واپسی کے بعد دونوں رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے

جس میں آزاد کشمیر کی نئی کابینہ کی تشکیل اور متوقع وزراء کے ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم نے کابینہ کے لیے ابتدائی سفارشات تیار کرلی ہیں۔۔۔

تاہم کابینہ کے ناموں کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی منظوری کے بعد ہوگا۔ میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کابینہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔

آزاد کشمیر کی نئی کابینہ آئندہ ہفتے حلف اٹھا سکتی ہے، جبکہ ابتدائی طور پر 10 رکنی کابینہ تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں وہی تبدیلی دیکھیں گے جس کی نون لیگ سےعوام توقع رکھتے ہیں، ایوانِ صحافت میں وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کی گفتگو

ذرائع کے مطابق متوقع کابینہ میں کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چوہدری اظہر صادق، راجہ ثاقب مجید اور مصطفیٰ بشیر عباسی کے نام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سردار میر اکبر، راجہ عمیر نعیم، راجہ ایاز نثار اور چوہدری محمد رزاق کے نام بھی زیر غور ہیں۔اتحادی جماعت سے منتخب رکن اسمبلی ساجد اقبال کو بھی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق متوقع وزراء کے ناموں سے متعلق ابتدائی سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، تاہم حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کی قیادت دے گی۔ وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی قیادت سے مشاورت کے بعد آزاد کشمیر کی نئی کابینہ کو حتمی شکل دیں گے۔