وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے اسمبلی اجلاس کا ترمیمی نوٹس جاری

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے قائدِ ایوان، یعنی وزیراعظم آزاد کشمیر، کے انتخاب کے لیے اجلاس کا ترمیمی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب پہلے 27 اگست کو ہونا تھا، تاہم مسلم لیگ (ن) کے اندر نامزدگی پر اختلافات کے باعث اسمبلی کا اجلاس اب 28 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے فائنل ہونیوالے بیرسٹر افتخار گیلانی کون ہیں؟

دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی وزارت کے لیے بیرسٹر افتخار گیلانی کی نامزدگی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور علاقائی قیادت کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ سینیئر رہنماؤں شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے اس مجوزہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت کے سامنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ اپنے سیاسی رفقا سے تفصیلی مشاورت کے بعد دونوں رہنما کل پارٹی قیادت کو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے باضابطہ آگاہ کریں گے، جس سے آزاد کشمیر میں نیا وزیراعظم منتخب ہونے سے قبل حکومت سازی کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہو گئی ہے۔