مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج اور دھرنوں کے باعث گزشتہ دو ماہ کے دوران انتظامی سرگرمیاں متاثر ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مظفرآباد شہر میں مبینہ طور پر قبضہ مافیا ایک بار پھر متحرک ہوگیا ہے۔
ندی نالوں اور سرکاری اراضی پر مبینہ تجاوزات
دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں، سرکاری اراضی اور سڑکوں کے کناروں پر مبینہ تجاوزات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
بڑے پیمانے پر مکانات اور پلازوں کی تعمیر جاری
ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر ندی نالوں پر قبضہ کرکے بڑے پیمانے پر مکانات اور پلازوں کی تعمیرات کی جا رہی ہیں جبکہ سڑکوں کے کناروں پر بھی دکانوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
انتظامی کارروائیاں متاثر، شہری تشویش میں مبتلا
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی معمول کی کارروائیاں متاثر ہونے کے دوران تجاوزات میں اضافہ تشویشناک ہے۔
تجاوزات کے خلاف فوری طور پر سروے کا مطالبہ
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر شہر بھر میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا سروے کرے، ندی نالوں اور سرکاری اراضی پر ہونے والی تعمیرات کی نشاندہی کی جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بروقت کارروائی نہ ہوئی تو سیلابی خطرات بڑھ سکتے ہیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو مستقبل میں یہ تجاوزات نہ صرف ٹریفک اور شہری مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ مون سون اور شدید بارشوں کے دوران سیلابی خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد حملے: آزاد کشمیر پولیس نے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان کر دیا




