وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومت بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے اور اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
بانی پی ٹی آئی کی منتقلی پر شور کا علم تھا
نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کو معلوم تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے بجائے پمز منتقل کرنے پر میڈیا میں بہت شور ہوگا۔
سیکیورٹی کے باعث فیصلہ کیا گیا
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے پر ہونے والے شور سے بچ سکتی تھی، تاہم اگر ایسے حالات پیدا ہوگئے تھے جن کے باعث بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی متاثر ہونے کا خدشہ تھا تو پمز منتقل کرنے کا فیصلہ درست تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
صحت کے معاملے پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر بھی کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ انہیں بروقت اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
علاج میں تاخیر حکومت کے لیے داغ ہوگی
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے اور بعد میں یہ بات سامنے آتی ہے کہ حکومت نے ان کے علاج میں تاخیر کی تو یہ حکومت کیلئے ایک داغ ہوگا، جسے کوئی بھی نہیں چاہتا۔ ان کے مطابق حکومت صحت اور سیکیورٹی دونوں معاملات میں مکمل احتیاط سے کام لے رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کی تبدیلی سے متعلق تمام خبریں افواہیں ہیں : طارق فضل چوہدری




