میرپور:کم عمر بچوں کے الیکٹرک اسکوٹی چلانے پر ڈپٹی کمشنر کا فوری نوٹس، اجلاس طلب

 میرپور شہر میں کم عمر بچوں کی جانب سے الیکٹرک سکوٹیاں چلانے، ٹریفک حادثات اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے معروف قانون دان خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور کو تحریری درخواست پیش کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر میرپور نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی اجلاس طلب کرنے، سخت اقدامات اور واضح ضابطۂ کار (SOPs) مرتب کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

حادثات کی صورتحال اور درخواست کے مندرجات:

خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کا بنیادی مقصد عوامی آگاہی، شہریوں کے تحفظ اور ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور واضح ضابطۂ کار مرتب کروانا ہے۔درخواست میں توجہ دلائی گئی ہے کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر 10 سے 12 سال تک کے بچے الیکٹرک سکوٹیاں چلاتے دکھائی دیتے ہیں، جنہیں ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں سے آگاہی نہیں ہوتی، جبکہ گزشتہ شب بھی ایک لڑکی کی جان ضائع ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو اور وفد کی تفصیلات:

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ درخواست کا مقصد کسی کی مخالفت نہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ کے ہمراہ راجہ دانیال اشفاق ایڈووکیٹ، آصف نسیم اور ابوبکر قریشی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم میں مشکل اور منفرد آپریشن، لائن آف کنٹرول کی دوسری طرف سےخاتون کی میت ریکور

ڈپٹی کمشنر کی ہدایات اور اجلاس کا انعقاد:

ڈپٹی کمشنر میرپور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ اسی روز شام کو ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے، جس میں معاملے کے قانونی پہلوؤں اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے درخواست گزار خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ کو بھی اس مشاورتی عمل میں شرکت کے لیے اجلاس میں مدعو کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

والدین اور شہریوں سے پُرزور اپیل:

خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے تمام والدین سے پُرزور اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو الیکٹرک سکوٹیاں چلانے کے لیے ہرگز نہ دیں اور ان کی حفاظت کو اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اس اہم عوامی پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں تاکہ بروقت احتیاطی اقدامات کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: وادیِ نیلم: موسلادھار بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی لہر تیز