کشمیر کونسل کے چار منتخب ارکان کی مدت مکمل ہونے کے قریب، ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے کارکن متحرک

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کونسل کے چار منتخب ارکان کی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشستوں پر جلد انتخابات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کونسل کے چار منتخب ارکان جن میں یونس میر، خواجہ طارق سعید، سردار عبدالرازق خان اور شجاع راٹھور شامل ہیں، ان کی 5 سالہ آئینی مدت 19 ستمبر 2026 کو پوری ہو رہی ہے۔ ان چاروں نشستوں پر مدت کی تکمیل کے بعد نئے انتخابات کا انعقاد متوقع ہے۔

نشستوں کی سیاسی صورتحال اور ممکنہ نتائج:

کشمیر کونسل کی ان 4 نشستوں کے حوالے سے سامنے آنے والی سیاسی صورتحال کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کو 3 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کھاتے میں 1 نشست جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: آزاد کشمیر احتساب بیورو کے چیئرمین کا عہدہ طویل عرصے سے خالی، اصلاحات پر خدشات

واضح رہے کہ کشمیر کونسل کے ارکان کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے منتخب ارکان کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے۔

انتخابی شیڈول اور پارٹی ٹکٹوں کی دوڑ:

ان نشستوں پر باقاعدہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی جانب سے آنے والے دنوں میں باضابطہ انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔

دوسری جانب الیکشن شیڈول کے انتظار کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کے اندر امیدواروں کے لیے لابنگ کا عمل بھی زور شور سے شروع ہو چکا ہے۔ ان تمام 4 نشستوں کے پارٹی ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے مختلف جماعتوں کے کارکنان اور امیدوار مکمل طور پر متحرک ہیں اور لابنگ شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے متعلق بین الاقوامی میڈیا نے تنہائی اور مبینہ تشدد کا بیانیہ مسترد کردیا