مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)صدر آزاد جموں و کشمیر نے نو منتخب قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 24 اگست 2026 بروز پیر، دوپہر 2 بجے اسمبلی ہال مظفرآباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں نو منتخب اراکین قانون ساز اسمبلی اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے جبکہ اسی اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا مرحلہ بھی مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی سفیر کا بیان کشمیر کی تاریخی حیثیت مسخ کرنے کی کوشش، فیصل ممتاز راٹھور
ذرائع کے مطابق 24 اگست آزاد کشمیر کی پارلیمانی سیاست کے حوالے سے انتہائی اہم دن ہوگا۔ اسی روز قانون ساز اسمبلی کی آٹھ مخصوص نشستوں پر بھی انتخابات ہوں گے۔
مخصوص نشستوں میں خواتین کی پانچ نشستیں جبکہ علماء و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کیلئے ایک، ایک نشست شامل ہے۔ ان نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔
مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز دوپہر 2 بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ثاقب مجید، راجہ ریاست،راجہ آصف، عمیرنعیم، وقارنور،ضیاء القمرکی کامیابی چیلنج
اجلاس کے آغاز میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسمبلی کی نئی پارلیمانی قیادت کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
عام انتخابات کے بعد نو تشکیل شدہ قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کے ساتھ ہی آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام اور پارلیمانی امور کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔




