پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کا نیا دور، Inverex GOکے متعدد ماڈلز متعارف

اسلام آباد / کراچی : پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ میں تیزی سے ہوتے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے سولر انرجی مصنوعات کی معروف کمپنی Inverex نے الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز کی نئی سیریز Inverex GO متعارف کرا دی ہے۔ اس نئی رینج میں روزمرہ سفر کے عام اسکوٹرز سے لے کر زیادہ رفتار اور لمبی رینج فراہم کرنے والی جدید ای بائیکس شامل کی گئی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے پیش کیے جانے والے مختلف ماڈلز میں الگ الگ موٹر پاور، بیٹری گنجائش اور چارجنگ خصوصیات دی گئی ہیں۔ جہاں بعض ماڈلز میں فاسٹ چارجنگ کی سہولت موجود ہے، وہیں چند خصوصی ماڈلز میں محض 30 سیکنڈ کے اندر بیٹری تبدیل کرنے کا منفرد نظام بھی شامل کیا گیا ہے، تاکہ صارفین کو طویل چارجنگ کے انتظار سے نجات مل سکے۔

کمپنی کی بنیادی سیریز میں Jesper اسکوٹر 2,000 واٹ موٹر، 85 کلومیٹر رینج اور 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ 3 لاکھ 55 ہزار روپے میں پیش کیا گیا ہے۔ اسی طرح Vexa ماڈل 2,000 واٹ موٹر، 85 کلومیٹر رینج اور 3 سال یا 50 ہزار کلومیٹر وارنٹی کے ساتھ 2 لاکھ 85 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ Rogue ماڈل کی قیمت 3 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ ابتدائی ماڈلز میں E-Lara بھی شامل ہے جس میں 1,000 واٹ کی موٹر دی گئی ہے جو ایک چارج پر 85 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فراری ’لُوچے‘: پہلی الیکٹرک گاڑی چار کروڑ ڈالر میں فروخت،تاریخی نیلامی

زیادہ طاقت اور لمبی رینج کی بائیکس میں چارلی، فائر برڈ، رور اور وولٹیرا سیریز کو شامل کیا گیا ہے۔ Charlie Lite 1,500 واٹ موٹر اور 100 کلومیٹر رینج کے ساتھ 4 لاکھ 49 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ Charlie Pro 130 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتی ہے۔ اس سیریز کی سب سے نمایاں بائیک Fire Bird Pro ہے، جس میں ڈبل 72V 32Ah بیٹریاں نصب کی گئی ہیں جو ایک چارج میں 200 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مزید برآں Fire Bird Lite کی قیمت 4 لاکھ 85 ہزار، Roar Lite کی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار اور Volterra Lite کی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

Inverex GO سیریز کی سب سے بڑی اور خاص بات بیٹری بدلنے کی ٹیکنالوجی (Swapping Technology) ہے، جو چارلی سواپ (Charlie Swap)، رور سواپ (Roar Swap) اور وولٹیرا سواپ (Volterra Swap) ماڈلز میں دی گئی ہے۔

ان بائیکس میں 3,000 واٹ کی طاقتور موٹر لگی ہے اور یہ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار سے چل سکتی ہیں۔ ان کی سب سے بڑی سہولت یہ ہے کہ اب صارفین کو بائیک چارج کرنے کے لیے گھنٹوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ ختم ہونے والی بیٹری نکال کر صرف 30 سیکنڈ میں مکمل چارج شدہ نئی بیٹری لگائی جا سکے گی۔ ماہرین اسے پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کے شعبے میں ایک بڑا اور انقلابی قدم قرار دے رہے ہیں۔