فراری ’لُوچے‘: پہلی الیکٹرک گاڑی چار کروڑ ڈالر میں فروخت،تاریخی نیلامی

اٹلی کی معروف کار ساز کمپنی فراری کی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی ’لُوچے‘ (Luce) نے نیلامی کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ یہ جدید ترین گاڑی ایک نیلامی کے دوران چار کروڑ ڈالر یعنی تقریباً 11 ارب پاکستانی روپوں میں فروخت ہو گئی ہے۔

یہ ناقابل یقین رقم نیلامی میں فروخت ہونے والی کسی بھی نئی گاڑی کی قیمت کا ایک نیا ریکارڈ بن چکی ہے۔ کیلیفورنیا میں آر ایم سوتھیبیز کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس نیلامی میں فروخت کی جانے والی فراری لُوچے کا بنیادی تصور اور ڈیزائن برطانوی آئی فون ڈیزائنر سر جونی آئیو نے پیش کیا تھا۔ یہ تاریخی گاڑی اپنی اصل اور معمول کی طے شدہ قیمت سے 35 گنا سے بھی زیادہ رقم میں نیلام ہوئی ہے۔

گاڑی پر تنقید اور برانڈ کی شناخت:

جب فراری لُوچے کو رواں سال مئی کے مہینے میں پہلی بار لانچ کیا گیا تھا تو اسے مختلف حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ اس موقع پر بعض مبصرین کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی فراری کے روایتی اور تاریخی ڈیزائن سے مکمل طور پر ہٹ گئی ہے۔ مزید برآں، بیٹری سے چلنے اور پانچ نشستیں رکھنے کی وجہ سے یہ کار اس مشہور برانڈ کی مخصوص شناخت کا ایک اہم حصہ کھو بیٹھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فراری کی پہلی الیکٹرک کار ‘لُوچے’ تنازع کا شکار، لانچنگ کے اگلے ہی دن شیئرز گر گئے

تعلیمی پروگرامز کے لیے رقم اور خریدار کی راز داری:

نیلام گھر سوتھیبیز کے مطابق اس تاریخی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام تر رقم فراری فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگراموں کے لیے عطیہ کی جائے گی۔ سوتھیبیز نے منفرد فنش اور خصوصی طور پر تیار کردہ پرزہ جات سے مزین اس لُوچے کے خریدار کا نام فی الحال ظاہر نہیں کیا اور اسے راز میں رکھا ہے۔ دوسری جانب بی بی سی نے اس پورے معاملے پر تبصرے کے لیے نیلام گھر اور فراری سے رابطہ کیا ہے۔

تاریخی رونمائی اور ای وی مارکیٹ میں قدم:

لُوچے کی رونمائی کو حالیہ برسوں کے دوران نئی گاڑیوں کی سب سے اہم لانچز میں سے ایک شمار کیا گیا۔ اس خاص گاڑی کے ساتھ فراری نے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی عالمی منڈی میں قدم رکھا ہے، جس پر اس وقت ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا اور چینی کار ساز کمپنیوں کا مکمل غلبہ قائم ہے۔ اس گاڑی کی تقریب رونمائی اس قدر بڑی اور عالشان تھی کہ جس میں اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا اور مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کو بھی فراری کی اس پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی کو دیکھنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔