آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل تیز: 27 اگست کو وزیرِ اعظم کا انتخاب متوقع

مظفرآباد / اسلام آباد :آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے اہم مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت قانون ساز اسمبلی کے 17ویں وزیرِ اعظم کے انتخاب کا عمل 27 اگست کو مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مشاورت اور سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے 17ویں وزیرِ اعظم کی مسند کے لیے شاہ غلام قادر کو اپنا مضبوط ترین اور حتمی امیدوار نامزد کرنے پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومت نے پبلک سروس کمیشن کے 7نئے ارکان مقرر کردئیے

قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی نامزدگی:

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخاب 24 اگست کو کرایا جائے گا، جبکہ نو منتخب ارکان اسمبلی 25 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے مخصوص نشستوں کے لیے اپنے اپنے متوقع امیدواروں کے نام فائنل کر لیے ہیں:

خواتین کی نشستیں:

مسلم لیگ (ن): میرپور سے مریم ادریس، مظفرآباد سے مریم کشمیری اور پونچھ سے سحرش قمر ن لیگ کی جانب سے متوقع امیدوار ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی: پیپلز پارٹی کی جانب سے زوبیہ خورشید راجہ اور فرحانہ یعقوب کو خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔

ٹیکنو کریٹ نشست:

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار گیلانی متوقع امیدوار ہیں۔

علماء و مشائخ نشست:علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر پیر سید مظہر شاہ ن لیگ کے نامزد امیدوار ہوں گے۔

اوورسیز نشست:اوورسیز کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چودھری عبدالرحمان کو نامزد کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد 25 اگست کو نئے ارکان حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد 27 اگست کو ایوان کے نئے قائدِ ایوان (وزیرِ اعظم) کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔