آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب کے علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ زیارت اور ہرنائی کے درمیانی پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔ اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سوراب کے علاقے حاجیکہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن:
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی ایک کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیانی علاقے میں ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن ردالفتنہ 3: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 19 دہشت ہلاک
حکام کا کہنا ہے کہ مختلف کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر استعمال کا سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
دہشتگردی کے خاتمے کا پختہ عزم:
سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں دیرپا امن و امان کے قیام تک بلا تعطل اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر سختی سے قائم ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ عوامی تحفظ اور امن کے دشمنوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مسلسل پیش رفت کے ساتھ جاری رہے گا۔




