بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران مجموعی طور پر 19 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ سے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 12 اگست کو کلات، خضدار اور سوراب کے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی موثق اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں انجام دیں۔
کلات اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز:
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قلات کے علاقے روڈن جو کراس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا گیا۔ اس دوران ایک گاڑی میں سوار کالعدم بی ایل اے (فطۃ الخوارج/ایف اے ایچ) سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، جو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے۔
اس کے علاوہ خضدار کے علاقے کنارو میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خبر پر باقاعدہ آپریشن کیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
سوراب میں کارروائی اور تلاش کا عمل جاری:
اسی سلسلے میں ضلع سوراب میں بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی انتہائی موثق اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کامیاب آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تازہ ترین تمام کارروائیوں کے دوران اب تک مجموعی طور پر 19 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش اور ان کا خاتمہ کرنے کے لیے آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔




