اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے کئی علاقوں میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے متعدد علاقے زیر آب آگئے ، ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 115 ، کمرشل مارکیٹ میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔شہر کے دیگر علاقوں میںبھی بادل جم کر برسے۔
کٹاریاں اور گوالمنڈی کےمقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح خطر ناک حد تک بلند ہوگئی جس کے باعث خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے ، این ڈی ایم اے کی جانب سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔
تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ، شہریوں کو نالے سے دور رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں؛ مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ، سیلاب کی وارننگ
راولپنڈی میں گزشتہ روز بھی شدید بارش کے بعد نالہ لئی خطرناک حدکو چھو گیا تھا جس پر سائرن بجا دیئے گئے تھے۔
ادھر اسلام آباد کے کے علاقے بلیو ایریا ، شکر پڑیاں ، ایف سیون ، بری امام، زیرو پوائنٹ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی اورپانی سڑکوں پر جمع ہو گیاجس سے ٹریفک روانی شدیدمتاثر ہوئی۔
آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی جس کے بعد این ڈی ایم اے نے ہنگامی الرٹ جار ی کر دیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے نشینی علاقے زیر آب جبکہ آزادکشمیر ، گلگت بلتستان کے پہاڑوں علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے جس پر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ تمام متعلقہ ادارے بھی ہنگامی صورتحال کیلئے الرٹ رہیں۔




