حافظ نعیم کا پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت شدید اذیت سے دوچار ہیں اور لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل ختم کرنے کی تجویز

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی تکلیف وہ شخص کیسے محسوس کرسکتا ہے جس کی بجلی مفت ہو اور جو ٹیکس ادا نہ کرتا ہو۔ حکومت صرف پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کرتی بلکہ اس پر مختلف ٹیکسز بھی عائد کیے جاتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طالب علم کماتا نہیں اور اس کی کوئی آمدنی نہیں ہوتی لیکن اس پر بھی پٹرولیم لیوی اور ٹیکس کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔ عوام سے روزانہ کی بنیاد پر 700 سے 800 روپے تک ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ن لیگ کے جاگیرداروں نے کتنا ٹیکس ادا کیا ہے؟ جاگیردار اپنا ٹیکس ادا نہیں کرتے لیکن اس کا بوجھ عام عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔

ٹیکس ادا نہ کرنے والے لوگ عوام پر مسلط ہیں، جب ان سے سوال کیا جائے تو جواب ملتا ہے کہ آئی ایم ایف نے ٹیکس عائد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم ڈیلرز کا دباؤ،حکومت نے منافع بڑھانے کی منظوری دیدی

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام پر مسلسل ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو اشرافیہ اور ان طبقات سے ٹیکس وصول کرنا چاہیے جو اپنی آمدنی کے مطابق قومی خزانے میں حصہ نہیں ڈالتے۔

دوسری طرف کراچی میں گورنر ہائوس کے سامنے بھی جماعت اسلامی کا دھرنا جاری ہے جس میں رات کو بھی سیکڑوں افراد شریک ہیں جس میں مظاہرین پیٹرولیم لیوی خاتمے کے علاوہ میررضا کے قاتلوں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔