پیٹ کمنز

کپتان پیٹ کمنز نے آسٹریلیا کی بیٹنگ کو ناکامی کی وجہ قرار دیا

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بنگلا دیش سے شکست کے بعد پچ کا دفاع کرتے ہوئے ٹاس کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ کے آغاز میں پچ سخت اور گھاس سے بھری ہوئی تھی، جس کے باعث پہلے گھنٹے کے دوران بیٹنگ مشکل ہونے کی توقع تھی۔ تاہم ان کے مطابق پہلے گھنٹے کے بعد پچ کی صورتحال میں بہتری آئی اور بیٹنگ نسبتاً آسان ہوگئی۔

کمنز کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ میچ کے چوتھے اور پانچویں روز شدید گرمی کے باعث پچ میں ٹوٹ پھوٹ شروع ہوسکتی ہے اور اس کا فائدہ اسپنرز کو ملے گا۔

آسٹریلوی کپتان کے مطابق میچ کے آخری مراحل میں بالکل ایسا ہی ہوا اور پچ اسپن باؤلنگ کیلئے سازگار ہوگئی۔

آسٹریلوی کپتان نے شکست کے باوجود ٹاس کے فیصلے پر کسی قسم کے افسوس کا اظہار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ اسی صورتحال میں ٹاس کا فیصلہ کرنا پڑے تو وہ ایک مرتبہ پھر یہی فیصلہ کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈارون ٹیسٹ میں تاریخی اپ سیٹ، بنگلادیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

پیٹ کمنز نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کو میچ میں زیادہ دیر تک بیٹنگ کرنی چاہیے تھی۔

ان کے مطابق ٹیم کیلئے سب سے اہم بات یہ تھی کہ وہ ابتدائی مراحل میں بہتر انداز میں کھیلتی اور زیادہ وقت کریز پر گزارتی۔

کمنز کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ وہ شکست کی بنیادی وجہ پچ کو قرار دینے کے بجائے اپنی ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی کو زیادہ اہم سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ نے میچ کے مختلف مراحل میں مختلف رویہ اختیار کیا  لیکن آسٹریلیا کو دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ بڑا اسکور بنانے کی ضرورت تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہاکی ورلڈ کپ:پاکستان کا مایوس کن آغاز، پہلے میچ میں انگلینڈ سے شکست

آسٹریلوی کپتان نے پچ کے حوالے سے اُٹھنے والے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران پچ ان کی توقعات کے مطابق تبدیل ہوئی، خصوصاً آخری دو دنوں میں اسپنرز کو ملنے والی مدد پہلے سے متوقع تھی۔