مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نذیر الحسن گیلانی کا حویلی انتخابی تنازع سے متعلق اختلافی نوٹ سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے سینئر ممبر سے اختلاف کرتے ہوئے حلقہ LA-17، باغ-4 کے متنازعہ پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج اصل فارم 24 کے مطابق مرتب کرنے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے 15 اگست 2026 کے حکم کے مطابق درخواست گزار خواجہ طارق سعید، آزاد امیدوار حلقہ LA-17 ضلع حویلی نے کمیشن کے سامنے مختلف پولنگ اسٹیشنوں سے متعلق شواہد پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں:حویلی انتخابی دھاندلی کیس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر الحسن گیلانی کا اختلاف، فارم 24 مسترد
اختلافی نوٹ میں سید نذیر الحسن گیلانی نے کہا کہ متعلقہ پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے موقع پر پولنگ ایجنٹس کو فارم 24 پر فراہم کیے گئے نتائج، حلقے کے ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے گئے نتائج سے مختلف تھے۔

انہوں نے اپنے حکم میں کہا کہ یہ ایک خاص امیدوار کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا گیا، جو آزاد جموں و کشمیر کے موجودہ وزیر اعظم ہیں، اور اس مقصد کے لیے جعلی فارم 24 تیار کیا گیا۔
سید نذیر الحسن گیلانی نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے سینئر ممبر سے اختلاف کرتے ہوئے قرار دیا کہ آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 کی دفعہ 50 اور الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعات 4، 8، 9 اور 66 الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل کو آزاد، منصفانہ اور شفاف بنانے کے وسیع اختیارات دیتی ہیں۔
اختلافی نوٹ میں حلقہ LA-17، باغ-IV کے ریٹرننگ افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متنازعہ پولنگ اسٹیشنوں کے انتخابی نتائج ان اصل فارم 24 کی بنیاد پر مرتب کریں جو متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کے پریزائیڈنگ افسران نے تیار کیے تھے اور جو موقع پر ہی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو موصول ہوئے تھے۔




