آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے اور عوام میں سنسنی پھیلانے کے لیے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پھیلانے کی مہم جاری ہے، جس کی تازہ ترین مثال راولا کوٹ سے متعلق وائرل ہونے والا غیر مصدقہ پیغام ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز (ایکس/ٹویٹر) پر ‘Jamu Kashmir Updates’ نامی ہینڈل سے وائرل کی جانے والی اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ راولا کوٹ میں فورسز کی جانب سے فائرنگ جاری ہے۔ فیکٹ چیک اور مقامی انتظامی ذرائع کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اس پوسٹ اور اس سے جڑے بیانیے کا حقیقت اور سچائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت آزادکشمیرپرسیاست سے باز رہے،پروپیگنڈا پھیلا کرمسئلہ کشمیر سے توجہ نہیں ہٹا سکتا،دفترخارجہ
فیک نیوز اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کا مقصد:
ذرائع اور تجزیہ کاروں کے مطابق، کالعدم تنظیم کی جانب سے بغیر ثبوت اور تصدیق کے اس قسم کے ڈرامائی اور جذباتی پیغامات جاری کرنے کا مقصد شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو ورغلانا اور علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول قائم رکھنا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ایسے سوشل میڈیا ہینڈلز من گھڑت اطلاعات، پرانی ویڈیوز اور جھوٹے ادعائیت پر مبنی پیغامات کے ذریعے منفی تاثر قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عوام سے ہوشیار رہنے اور مصدقہ ذرائع پر اعتماد کی اپیل:
عوامی و انتظامی حلقوں نے شہریوں اور بالخصوص سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی اور اس سے جڑے گمراہ کن اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلائی جانے والی فیک نیوز پر بالکل کان نہ دھریں۔ کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے صرف باوثوق اور مصدقہ ابلاغی ذرائع کا سہارا لیں تاکہ خطے کو انتشار سے محفوظ رکھا جا سکے۔




