سردار یوسف

عازمین حج کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، سردار یوسف

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ حج کیلئے سعودی عرب میں جاری تیاریوں، عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری، حج ونگ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سعودی عرب سے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راؤ اور دیگر افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی اور سعودی عرب میں جاری انتظامات سے متعلق تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

سعودی عرب میں حج تیاریوں کا جائزہ

اجلاس کے دوران سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کے لیے رہائش، سفری سہولیات، خوراک، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انتظامات سمیت مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام نے وفاقی وزیر کو مختلف سہولیات کے حصول اور انتظامات کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد کی ہدایت

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ہدایت کی کہ سعودی حکام کی جانب سے مقرر کردہ ٹائم لائنز کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حج آپریشن سے متعلق ہر مرحلے میں مقررہ شیڈول کی پابندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر زور

سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج کی سہولت اور آسائش حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عازمین کو معیاری رہائش، سفری سہولیات اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے دعاکریں، سردار یوسف کی حجاج کرام سے اپیل

وفاقی وزیر نے انتظامی امور کی مسلسل نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ حج انتظامات کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔