ملک بھرمیں بارش کے حوالے سےمحکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے کشمیر، اسلام آباد اور دیگر علاقوں سمیت ملک بھر میں موسم اور بارش کے حوالے سے تازہ ترین اور اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گلگت کا موسم:

اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور شام کے اوقات میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں گزشتہ روز کی نسبت 2 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے؛ جہاں صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

پنجاب اور سندھ کی موسمی صورتحال:

دوسری جانب لاہور میں گرمی اور حبس کی کیفیت مسلسل برقرار ہے اور فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔ شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی، اور اگرچہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے لیکن ہوا نہ چلنے کے باعث حبس کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کراچی میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رات کے وقت بوندا باندی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آج کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شہر قائد میں جنوب مغرب کی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔