آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پرامن ہڑتال آٹھویں روز میں داخل ہوگئی ہے، تاہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کا راستہ کھل گیا ہے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں اہم مذاکرات
ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے ساتھ آج گورنر ہاؤس کراچی میں اہم مذاکرات ہوں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر، گورنر سندھ، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اور دیگر حکومتی نمائندے شریک ہوں گے۔
مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز گزشتہ آٹھ روز سے پرامن احتجاج اور ہڑتال کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات منظور ہونے تک ملک گیر ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔
مذاکرات سے مسئلہ حل ہونے کی اُمید
ملک شہزاد اعوان نے اُمید ظاہر کی کہ حکومتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جلد حل نکال لیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ دوبارہ چلنا شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے پُرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلد اچھی خبر ملنے کی اُمید ہے۔
صرف یقین دہانی نہیں، عملی فیصلے چاہئیں
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز محض وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ مطالبات کی عملی منظوری چاہتے ہیں۔ ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج اور ہڑتال جاری رہے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان




