مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ممبر کشمیر کونسل انجینئر رفاقت حسین اعوان نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمارے اسلاف کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پاکستان کی سلامتی، استحکام و خوشحالی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔
کشمیرڈ ٖیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ آج ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپناتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انجینئر رفاقت حسین اعوان نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع نیلم میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا
شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے قومی دفاع کے حوالے سے جس جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، پوری قوم اسے قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی سلامتی کے عزم کی اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کا مضبوط دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت قدم ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل باب ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی جبر کے باوجود حقِ خودارادیت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ان شاء اللہ ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:14 اگست ، پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی ہمارا قومی عزم ہے:سحرش قمر
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مضبوط و مستحکم رکھے، افواجِ پاکستان کے شہداء کے درجات بلند فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی کی منزل عطا فرمائے۔ آمین۔




