مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور سابق رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ سحرش قمر نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت اور پاکستان کی سلامتی، استحکام و ترقی کے عزم کی تجدید کا دن ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کی اہم پیشرفت ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قائم مقام صدر آزاد کشمیر لطیف اکبر کا دفاعِ وطن کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کو سلام
سحرش قمر نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کیلئے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی تکمیل کا نامکمل باب ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ان شاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جشنِ آزادی پاکستان : مظفرآباد میں مرکزی تقریب، صدرِ ریاست نے پرچم کشائی کی، پولیس کی سلامی
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، افواجِ پاکستان کے شہداء کے درجات بلند فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی کی منزل عطا فرمائے۔ آمین۔




