یومِ آزادی

ضلع نیلم میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کا 79واں یوم آزادی ضلع نیلم میں ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔

مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ تھے جبکہ تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ جج سید وسیم گیلانی نے کی۔تقریب کا آغاز سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔

اس موقع پر سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ، ڈپٹی کمشنر، ایس پی راجہ اور کمانڈنگ آفیسر نے قومی و ریاستی پرچم لہرائے۔ آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی و ریاستی پرچموں کو سلامی پیش کی۔

قومی و ریاستی ترانوں اور ملی نغموں سے تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔تقریب میں ضلعی و عسکری حکام، سرکاری ملازمین، طلبہ و طالبات، وکلاء، صحافیوں، تاجران، مقامی نمائندگان اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ بچوں اور بڑوں نے ملی نغموں اور ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، کلمہ طیبہ کے صدقے پاکستان کو جو عزت ملی وہ دنیا کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کرنے والے کشمیریوں کی شناخت پاکستان سے جڑی ہوئی ہے، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ بلند و بالا ہے اور دونوں کو محبتوں کے رشتے میں مزید مضبوط کیا جائے گا۔

انہوں نے شرکاء سے ہاتھ اٹھا کر عہد لیا کہ پاکستان اور کشمیر کو نفرت نہیں بلکہ محبت کے ذریعے مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ کلمہ اور دل کا رشتہ ہے۔ ایک امت، ایک صدا، پاکستان سے رشتہ کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع نیلم میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

‘‘مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی کامیابی اور پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر پاکستانی سول و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئےکسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کے استحکام کیلئے کشمیری عوام ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

ضلع بھر میں جشن آزادی کی صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

آٹھمقام کے علاوہ لائن آف کنٹرول چلہانہ، جورا، گڑیاں، کنڈل شاہی، دودھنیال، شاردہ، کیل اور گریس ویلی میں بھی جشن آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ لائن آف کنٹرول کیرن میں یادگار شہداء پر بڑی تقریب شام کے وقت منعقد ہوئی۔

جشن آزادی کے موقع پر آٹھمقام میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سول سوسائٹی کے اشتراک سے عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ریلی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہراتے ہوئے شرکاء نے پاکستان سے محبت اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے۔

تقریب میں مسلم لیگ ن مظفرآباد ڈویژن کے نائب صدر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن، صدر ڈسٹرکٹ بار سید عاصم، مہتمم عمارات سردار امتیاز سمیت مختلف مکاتب فکر
سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئےخصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یومِ آزادی پر مسلح افواج کاعزم

تقریب سے ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن،سابق صدر بر بشارت میر ایڈووکیٹ ودیگر مقررین نے خطاب کیا