خاتون کی اے آئی تصاویر بھیج کر سابق ایم پی اے سے شادی ، معاملہ عدالت پہنچ گیا

سابق رکن سندھ اسمبلی غلام رسول انڑ نے سابق اہلیہ کے خلاف دھوکا دہی، بلیک میلنگ اور مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں دائر درخواست میں غلام رسول انڑ نے موقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ایک خاتون سے بات چیت ہوئی اور خاتون کی اصل شکل دیکھے بغیر 23 فروری 2026 کو ویڈیو کال کے ذریعے نکاح کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹر عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ نے برطانوی شہری سے شادی کرلی

درخواست گزار کے وکیل عامر نواز وڑائچ نے عدالت کو بتایا کہ غلام رسول انڑ جب بھی خاتون سے چہرہ دکھانے کا کہتے تو انہیں اے آئی سے تیار کردہ تصاویر بھیج دی جاتیں جبکہ ویڈیو لنک پر ہونے والے نکاح کے روز بھی خاتون نے نقاب کیا ہوا تھا۔

وکیل نے کہا کہ نکاح کے بعد جب درخواست گزار نے خاتون کو دیکھا تو وہ تصاویر سے بالکل مختلف تھی، جس کے بعد غلام رسول انڑ نے خاتون سے دوری اختیار کرلی۔

غلام رسول انڑ کے دوری اختیار کرنے پر خاتون نے سوشل میڈیا پر درخواست گزار کے مرنے کی جھوٹی تصاویر اور پوسٹس بھی شیئر کیں جس کے بعد درخواست گزار نے 9 اگست کو خاتون کو طلاق دیدی۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کے سب سے مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی شادی، اہلیہ کون ہیں؟

وکیل کے مطابق سابق اہلیہ کے خلاف این سی سی آئی اے میں بھی شکایت درج کرائی جاچکی ہے جبکہ طلاق کے بعد خاتون کی جانب سے درخواست گزار سے کروڑوں روپے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور خاتون غلام رسول انڑ کو بلیک میل کرنے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔

عدالت نے درخواست پر ایس پی کمپلین سیل اور ایس ایچ او ڈیفنس اور سابق اہلیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس سے 17 اگست تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔