پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم

تہران :نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب ایران کو دشمن کی سرزمین پر حملوں کی صلاحیت حاصل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی امریکی ٹی وی نیٹ ورک پی بی ایس کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاسداران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیت اس قدر بڑھائیں کہ ملکی سرحدوں سے جارحانہ آپریشنز کو دشمن کی زمین تک انجام دیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور ایران کا 60روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق، ترک میڈیا

انہوں نے کہا کہ امریکا کا جنگی بجٹ ایران کےدفاعی بجٹ سے 100 گنا زیادہ ہے مگر دشمن کے تمام 14 مقاصد ناکامی سے دوچار کیے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے سینئرمشیر نے کہا کہ ایران کو اس قابل ہونا چاہیے کہ وہ جنگ دشمن کے علاقے تک لے جاسکے اور جارحانہ ڈاکٹرائن کی یہ خصوصیت پوری ہونی چاہیے۔

نقدی کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران سے کہا گیا ہےکہ وہ اس صلاحیت کو حاصل کریں تاکہ جب ضرورت ہو اسے انجام دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف اگر امریکا نے جوہری ہتھیار استعمال کرنےکی کوشش کی تو دنیا بھر میں موجود امریکی فوجی اڈے قبضے میں لے لئے جائیں گے۔

بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال ان کے لیے ایک بہت بڑی غلطی ثابت ہو سکتا ہےجس صبح وہ ایسا کریں گے، اسی کے اگلے روز دنیا بھر میں موجود امریکا کے تمام فوجی اڈوں پر قبضہ کر لیا جائے گا۔

آج حالات دوسری عالمی جنگ کے دور جیسے نہیں، دنیا کے عوام بیدار ہو چکے ہیں، دنیا میں کوئی بھی اس طرح کے جرم کی اجازت نہیں دے گا کیونکہ اگلی بار نشانہ خود وہ بھی بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول برقرار رکھنے کا اعلان

جنرل نقدی نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکی فوجی اڈوں پر قبضہ ایرانی فوج خود کرےگی یا اس کارروائی میں دیگر قوتیں بھی اس کا ساتھ دیں گی۔ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار تیار کرنےکے امکان کے بارے میں انہوں نےکہا کہ ایران کو جوہری بم کی کوئی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع کیے جانے کے بعد ایرانی حکام نے دیکھ لیا ہےکہ امریکی فوج ہماری توقع سے کہیں زیادہ کمزور ہے۔