اسلام آباد، راولپنڈی میں13اور14اگست کو ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند

اسلام آباد:نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 13 اور 14 اگست کو ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈانس کرکے ٹریفک کنٹرول والے اہلکار فہیم گل کی ویڈیو وائرل ہوگئی

پابندی کا مقصد جشن آزادی کے موقع پر جڑواں شہروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی 13 اگست رات 12 بجے سے 14 اگست رات 12 بجے تک نافذ رہے گی، اس دوران بھاری گاڑیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ پابندی کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفری منصوبے ترتیب دیں اور مقررہ اوقات کے دوران ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں کی جانب لانے سے گریز کریں۔

حکام کے مطابق جشن آزادی کے دوران بڑی تعداد میں شہریوں کی آمدورفت متوقع ہے، جس کے باعث ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور سڑکوں پر روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں، شہریوں سے ٹریفک قوانین کی پابندی اور موٹروے پولیس کے اہلکاروں سے تعاون کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب جشنِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد کے مختلف ٹریلز کو 13 اگست کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ ، کونسی شاہراہیں بند ہیں؟

ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4 اور ٹریل 5 13 اگست کو بند رہیں گے، سیدپور ویلیج سے ملحقہ ٹریل بھی 13 اگست بروز جمعرات بند رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ دن ان ٹریلز کا رخ کرنے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔