شاہد خاقان عباسی

پارٹی ڈی لسٹ کرنے کا فیصلہ بلاجواز ہے، شاہد خاقان کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد:عوام پاکستان پارٹی کے صدر شاہد خاقان عباسی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر پارٹی کو ڈی لسٹ کرنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے بلاجواز قرار دے دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عوام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات 26 مارچ سے 2 اپریل کے درمیان کرائے گئے، جن میں پارٹی کے 12 ہزار 846 ارکان نے حصہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں:شاہد خاقان کو جھٹکا ،الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کو ڈی لسٹ کردیا

خط کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج 6 اپریل کو الیکشن کمیشن میں جمع کرائے جاچکے ہیں۔

عوام پاکستان پارٹی کے صدر نے خط میں کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات جمہوری اور شفاف انداز میں منعقد کیے گئے جبکہ انتخابی عمل الیکشن ایکٹ 2017 کے تقاضوں کے عین مطابق تھا۔

شاہد خاقان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ پارٹی کی جانب سے تمام متعلقہ امور اور انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیے جاچکے ہیں، اس لیے پارٹی کو ڈی لسٹ کرنے کا فیصلہ بلاجواز ہے۔

خط میں چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی گئی ہے کہ عوام پاکستان پارٹی کا مؤقف واضح کرنے کیلئے باقاعدہ سماعت مقرر کی جائے تاکہ پارٹی حکام اپنا موقف اور متعلقہ دستاویزات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں:بیروزگاری انتہاپر،آئی ایم ایف رپورٹ عوام سے چھپائی گئی، شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے صدر نے امید ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن پارٹی کے موقف اور انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد معاملے پر مناسب فیصلہ کرے گا۔