محکمہ ہائر ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ اور پریکٹیکل امتحانات کے لیے نئی پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

آزاد جموں و کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور کے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات 2026 کے ملتوی شدہ پرچوں کے لیے حکومت کی جانب سے متبادل مارکس پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اہم فیصلے کے بعد تعلیم کے شعبے میں جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو گیا ہے اور طلبہ کو تعلیمی نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی حتمی منظوری کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نئی پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام انٹرمیڈیٹ پارٹ اول کے طلبہ و طالبات کو پارٹ دوم میں پروموٹ کر دیا گیا ہے۔

پارٹ دوم، کمپوزٹ اور دیگر امیدواروں کے لیے مارکس فارمولا:

نوٹیفکیشن کی تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ دوم کے تمام طلبہ و طالبات کے ملتوی شدہ پرچوں کے نمبر پہلے سے منعقدہ پرچوں میں حاصل کردہ نمبرات کے تناسب سے مقرر کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپوزٹ امتحان دینے والے طلبہ کو پارٹ دوم کے تمام پرچاجات کے حاصل کردہ نمبرات کے مطابق مساوی طور پر پارٹ اول کے پرچہ جات کے نمبر دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور تعلیمی بورڈ:فرسٹ اینڈ سیکنڈ ایئرامتحانات،دہم کے پریکٹیکل ملتوی

بہتری نمبرات (امپروومنٹ)، کمپارٹمنٹ اور فیل ہونے والے امیدواروں کے لیے بھی متعلقہ سابقہ اور موجودہ نتائج کی بنیاد پر ہی مقررہ مارکس فارمولا لاگو کیا جائے گا۔ اس اقدام سے ان تمام تمام گروپس کے امیدواروں کی درجہ بندی اور نتائج کو انصاف کے اصولوں پر شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے گا۔

میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے پریکٹیکل مضامین کے لیے نئی پالیسی:

دوسری جانب میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پارٹ دوم کے پریکٹیکل مضامین کی ارزیابی کے لیے بھی ایک علیحدہ متبادل فارمولا جاری کیا گیا ہے۔ اس فارمولے کے تحت پریکٹیکل کے تمام نمبر تھیوری امتحان میں حاصل کردہ فیصد کی بنیاد پر ہی مقرر کرنے کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔

اس قانون کے مطابق 90 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو پریکٹیکل میں مکمل 30 نمبر دیے جائیں گے۔ تاہم جن طلبہ کے تھیوری امتحان میں 33 فیصد سے کم نمبر ہوں گے، انہیں پریکٹیکل امتحان میں ناکام یعنی فیل تصور کیا جائے گا۔

پالیسی کے فوری نفاذ کا اعلان:

محکمہ ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ نئی پالیسی انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2026 کے تمام متعلقہ امیدواروں پر فوری طور پر لاگو کی جائے گی۔ تعلیمی بورڈ میرپور تمام تر نتائج اسی منظور شدہ ضابطے اور معیار کے مطابق تیار کر کے جلد شائقین و طلبہ کے لیے جاری کرے گا۔