اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آبنائے ہرمز میں کشیدہ صورتحال ، وزیر داخلہ محسن نقوی ایک بار پھر تہران پہنچ گئے
ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ یرانی حکام سے ملاقاتوں میں امریکہ ایران کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی بحالی اور آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی فیصلہ قبول ،ساجد اقبال عباسی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،سردارعتیق
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی سفارتی مشن پر تہران آمد سے امریکا کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی بحالی اور آبنائے ہرمز کی بندش ختم ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
محسن نقوی کا دورۂ امریکا اور ایران کے درمیان رابطے اور مذاکرات کی بحالی کیلئے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی ایرانی حکام کے ساتھ خطے میں امن و استحکام، جاری تنازع کے خاتمے اور ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
محسن نقوی کا تہران پہنچنا ایسے وقت میں خاص اہمیت رکھتا ہے جب آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایران اور عمان کے درمیان بھی بات چیت جاری ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے مجوزہ راستے کے جغرافیائی نقاط پر باہمی سمجھوتا کرلیا ہے تاہم اس پیش رفت کو ابھی مکمل سکیورٹی معاہدہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کونشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا
قبل ازیں ایران کا مؤقف رہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کے لیے امریکا کو اس کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ ان شرائط میں پابندیوں میں نرمی، ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جنگ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان گزشتہ کئی ماہ سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد نے اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی میزبانی بھی کی اور خود کو ایک غیر جانب دار ثالث اور سہولت کار کے طور پر پیش کیا۔




