ایل اے 16 کے دو پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ سے متعلق پیپلزپارٹی کی شکایت، پولیس تعیناتی کا مطالبہ

آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوران مظفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے 16 باغ تھری شرقی کے اہم پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عمل شروع ہونے سے روکے جانے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو انتہائی ہنگامی شکایت جمع کرا دی ہے۔ پارٹی قیادت اور مقامی امیدوار کا کہنا ہے کہ انتخابی عملہ اور ووٹرز کی موجودگی کے باوجود مخصوص عناصر کی جانب سے ووٹنگ کے عمل کو تعطل کا شکار بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور حلقہ ایل اے 16 سے ان کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی رسمی شکایت کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 109 اور 110 پر مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔ ووٹرز بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں کے باہر موجود ہیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے منتظر ہیں، تاہم انتخابی عمل کو باقاعدہ طور پر روکا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حویلی میں ن لیگ کا بڑا پاور شو،پیپلز پارٹی نے شکست پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، رانا ثنااللہ

پیپلزپارٹی کا موقف اور سیکیورٹی کا مطالبہ:

پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ یہ محض انتخابی سامان کی عدم فراہمی یا پولنگ عملے کے نہ پہنچنے کا عام معاملہ نہیں ہے، بلکہ کچھ عناصر کے ذریعے دونوں پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ شروع ہونے کی راہ میں قصداً رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سنگین معاملے پر صرف ریٹرننگ آفیسر کی عام مداخلت کافی نہیں ہے، بلکہ پولنگ اسٹیشنوں پر فوری طور پر پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی لازمی ہو چکی ہے۔

پارٹی نے الیکشن کمیشن سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس بات کا تعین کیا جائے کہ انتخابی عمل کے آغاز میں کون سے عناصر رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور وہ کس قانونی یا انتظامی اختیار کے تحت ایسا عمل کر رہے ہیں۔

چار پولنگ اسٹیشنوں پر مسائل اور مراسلے کی کاپیاں:

پاکستان پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو یاد دہانی کرائی کہ اسی حلقہ ایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 61 اور پینٹوپی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 141 پر بھی پولنگ شروع نہ ہونے سے متعلق الگ الگ تحریری شکایات پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر اس ایک ہی حلقے کے چار مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ شروع نہ ہونے کا سنگین معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے باضابطہ طور پر آ چکا ہے۔

پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ ان تمام چاروں متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر فوری طور پر بھاری پولیس فورس تعینات کی جائے، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے تمام افراد کو فوراً وہاں سے ہٹایا جائے اور پولنگ اسٹیشنوں کے علاوہ وہاں تک پہنچنے کے راستوں کو مکمل محفوظ بنایا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور نے پارٹی اور امیدوار سردار قمر زمان کی طرف سے یہ شکایت چیف الیکشن کمشنر کو بھیجی، جبکہ اس کی نقول ریٹرننگ آفیسر ایل اے 16، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر باغ، ڈپٹی کمشنر باغ، ایس پی باغ اور امیدوار سردار قمر زمان کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: مہاجرین مقیم پاکستان کی نشست سے پاکستان پیپلز پارٹی کے احسن رضا 10,248 ووٹ لے کر کامیاب