مظفرآباد: جہلم ویلی کے قریب سیلفی لیتے ہوئے دو نوجوان دریا میں بہہ کر لاپتہ

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب جہلم ویلی کے علاقے میں ایک انتہائی دلخراش پیش آیا ہے، جہاں سیلفیاں بنانے کا شوق دو نو عمر نوجوانوں کی زندگی کے لیے بلا بن گیا۔ نوشہرہ پل کے بالکل سامنے بیلہ کے مقام پر سیلفی لیتے ہوئے دو نوجوان اچانک پاؤں پھسلنے اور توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث دریائے جہلم کی تیز اور خشمگیں موجوں کی نذر ہو کر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دریا کے تیز بہاؤ میں لاپتہ ہونے والے دونوں نوجوانوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث تلاش کے عمل میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ریسکیو اہلکار اور مقامی لوگ مسلسل تلاش میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل کے ٹائر میں خاتون کا عبایا پھنسنے کا افسوسناک واقعہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

لاپتہ نوجوانوں کی شناخت اور غم کا ماحول:

دریائے جہلم میں بہہ جانے والے لاپتہ نوجوانوں کی شناخت حمزہ ذوالفقار سلہریا (سکنہ بڈھیارہ، گڑھی دوپٹہ) اور عمیر فرید اعوان (سکنہ بٹلیاں) کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نوجوان سیر و تفریح کے لیے اس مقام پر موجود تھے کہ اچانک اس دردناک حادثے کا شکار ہو گئے۔

اہلِ علاقہ کے مطابق لاپتہ ہونے والا نوجوان عمیر فرید اعوان یتیم تھا اور اپنے والدین کی اکلوتی اولاد بھی تھا، جس کے باعث اس ناگہانی واقعے پر پورے علاقے میں شدید غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔