پاکستان کے ساحلی علاقے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 4.5 ریکارڈ

پاکستان کے ساحلی علاقے کے قریب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے بعد ساحلی پٹی پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ محکمۂ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی آمد اور اس کی شدت کے حوالہ سے ابتدائی تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ریکارڈر پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس زلزلے کی گہرائی 40 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ زیرِ زمین پیدا ہونے والے اس تحرک کو ساحلی علاقوں میں بھی نوٹ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان : ہولناک زلزلہ، ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ، سونامی الرٹ جاری

زلزلے کا مرکز اور وقت:

سائنسی ڈیٹا کے مطابق اس زلزلے کا مرکز کیٹی بندر سے 156 کلومیٹر جنوب مغرب میں سمندر کے اندر واقع تھا۔ سمندر کے اندر آنے والے اس زلزلے کا مرکز ساحل سے فاصلے پر ہونے کے باعث فی الحال ساحلی آبادی محفوظ رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ زلزلہ آج صبح 8 بج کر 31 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ اور مقامی ذرائع کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔