محسن رضائی

محسن رضائی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندہ مقرر

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر میجرجنرل محسن رضائی کو سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کردیاجس کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے انہیں کونسل کا نیا سیکرٹری تعینات کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سپریم لیڈر کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا کہ پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر میجرجنرل محسن رضائی کو سپریم لیڈر نے سپریم نیشنل کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ 6 شرائط سے مشروط کردیا

سپریم لیڈر نے اعلامیے میں محسن رضائی کے حوالے سے کہا کہ آپ کے بیش بہا تجربے کی روشنی میں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں آپ کو اپنا نمائندہ مقرر کرتا ہوں اور آپ مقدس دفاع کا 8 سالہ تجربہ رکھنے والی اہم شخصیات میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ اس اہم ذمہ داری کو پوری کرنے میں مکمل طور پر کامیاب ہوں گے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اس موقع پر محمد باقر ذوالقدر کا شکریہ ادا کیا جو نئی تعیناتی سے قبل سپریم لیڈر کے نمائندے تھے۔

ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اس پیش رفت کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے محسن رضائی کو سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نیا سیکرٹری جنرل تعینات کردیا ہے۔

ایرانی صدر کے ترجمان مہدی نے نئی تعیناتی کا اعلان کیا اور بتایا کہ محمد باقر ذوالقدر نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے اپنے موجودہ عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزیوں کا ازالہ کرے، ایرانی وزیر خارجہ

یاد رہے کہ محمد باقر ذوالقدر کو مارچ 2026 میں اسرائیل اور امریکا کے حملوں میں علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا سیکرٹری تعینات کردیا گیا تھا۔

ایرانی میڈیا نے بتایا کہ محمد باقر ذوالقدر کوسپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ کا سیاسی مشیر مقرر کیا گیا ہے۔