پیپلزپارٹی ضلع حویلی کی جانب سے کہا گیا ہےکہ ایک صحافی کی جانب سے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں، حویلی میں کوئی پریزائیڈنگ افسران گرفتار نہیں ہوا ہے۔
پیپلزپارٹی ضلع حویلی کے سوشل میڈیا پیج پر جاری وضاحت میں کہا گیا ہے گزشتہ تین دن سے ایک صحافی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ضلع حویلی کے حوالے سے مسلسل ایسی خبریں اور الزامات لھائے جا رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ان پوسٹس کے ذریعے حویلی کے پُرامن ماحول میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پیپلزپارٹی ضلع حویلی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر گرفتاریوں کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کیے گئے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آج کسی پریزائیڈنگ آفیسر یا کسی اور متعلقہ شخص کی ایسی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔
ان بے بنیاد الزامات کے خلاف باقاعدہ درخواست دے دی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیںجو بھی شخص جھوٹی خبریں، غلط معلومات یا بے بنیاد الزامات کے ذریعے حویلی کے امن و امان کو متاثر کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حویلی کہوٹہ میں پریزائیڈنگ افسران کی گرفتاری و رہائی، کئی سوالات اٹھ گئے
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حویلی ایک پُرامن، صاف اور شفاف الیکشن پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو پُرامن ماحول فراہم کرنا اور عوام کے آزادانہ فیصلے کا احترام کرنا ہے۔
جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر انتخابات سے پہلے ہی ماحول خراب کرنے کی کوشش کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔عوام سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ہر خبر پر یقین کرنے کے بجائے اس کی تصدیق ضرور کریں۔
پیپلزپارٹی ضلع حویلی کا کہنا ہے کہ حویلی پُرامن ہے، پُرامن رہے گی۔فیصلہ عوام کریں گے، افواہیں نہیں۔




