موجودہ ماڈل ناکافی،وزیراعظم کو بیل آئوٹ پیکیج کی سفارش کی ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کو بیل آئوٹ پیکیج دینے کی سفارش کی ہے جس پر وزیراعظم نے کمیٹی بنائی ہے، امید ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

گزشتہ روزوزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے اس خطے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے این ایف سی طرز کے مالیاتی فریم ورک کی تیاری کا فیصلہ

گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی سہولیات سمیت بہت سے مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں علاقے کی ترقی اور عوام کے مشکلات کو حل کرنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی ہیں۔

ہماری خوش قسمتی ہے کہ صوبائی کابینہ میں تمام وزراء تعلیم یافتہ اور مخلص ہیں۔ عوام کو موجودہ حکومت سے بہت سی تواقعات وابستہ ہیں۔ ہم نے ان کی تواقعات پر پورا اترتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کے زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنی ہیں

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دنیا میں تعمیر و ترقی کے ماڈل تبدیل ہوئے ہیں،ہمیں بھی ترقی کے منازل تیزی سے طے کرنے کیلئے جدید تقاضوں کے تحت کام کرنا ہوگا۔ تمام صوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں۔

گلگت بلتستان میں توانائی، معدنیات اور سیاحت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ان شعبوں میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور میگا منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایکٹ میں ضروری ترامیم کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو سہولیات دی جارہی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار گلگت بلتستان کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اسی سال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کو فعال بنایا جائے گا جس کیلئے درکار وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے اور نئی لیڈر شپ کیلئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے ایکٹ میں ضروری ترمیم کرکے آزاد امیدواروں کو بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا حق دیا جارہاہے۔

چیف الیکشن کمشنر صوبائی حکومت کی مشاورت سے بلدیاتی انتخابات کے نئے تاریخ کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان قومی اسمبلی، سینیٹ میں نمائندگی دی جائے، وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی اورمستقبل کے چیلنجز کو حل کرنے کیلئے موجودہ ماڈل ناکافی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے بیل آؤٹ پیکیج اور گلگت بلتستان اور وفاق کے مابین نئے معاشی معاہدے کی سفارش کی ہے جس پر وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، امیدہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

صوبائی کابینہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بل، لوکل گورنمنٹ الیکشن ایکٹ 2014 (ترمیمی) بل اور گلگت بلتستان ریونیو ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل کو بحث و مباحثہ کے بعد اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی جو موجودہ صوبائی کابینہ کی پہلے اجلاس کے ایجنڈا میں شامل تھے۔