محکمہ موسمیات کی آزاد کشمیر، اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

مظفرآباد : محکمہ موسمیات نے خطۂ کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے حوالے سے نئی اور اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خطۂ کشمیر اور اس سے ملحقہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا قومی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر ہلکی و تیز بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد اور لاہور میں موسم کی صورتِ حال:

محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج بارش کی پیشگوئی کی ہے، جہاں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ صبح اور شام کے وقت بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن کے دوران 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد،راولپنڈی میں بارش ، نالہ لئی پر ہائی الرٹ،آزادکشمیر میں بھی طغیانی کی اطلاعات

دوسری جانب آج علی الصبح پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لاہور میں آج 20 سے 80 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ دن بھر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

درجہ حرارت، ہوا میں نمی اور کراچی کا موسم:

لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید پڑھیں: سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے مظفرآباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل

ادھر کراچی میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، جہاں بادلوں اور دھوپ کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن بھر زیادہ تر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، موسم مرطوب رہے گا جبکہ شام کے وقت ہلکی بوندا باندی کی توقع کی جا رہی ہے۔