ملک محمد بابر ایاز نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا

مظفرآباد : ملک محمد بابر ایاز نے باضابطہ طور پر بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ملک محمد بابر ایاز پاکستان کے مالیاتی شعبے کے ایک انتہائی ممتاز اور تجربہ کار بینکار ہیں، جنہیں بینکاری کی صنعت میں 27 سال سے زائد کا طویل تجربہ حاصل ہے۔

انہیں کارپوریٹ بینکاری، کمرشل بینکاری، اسلامی بینکاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کی فنانسنگ، اسٹریٹجک منصوبہ بندی، بزنس ٹرانسفارمیشن اور ادارہ جاتی قیادت میں نمایاں اور وسیع مہارت حاصل ہے۔ بینک آف آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت سے قبل، ملک محمد بابر ایاز تقریباً 17 برس تک دی بینک آف پنجاب (BOP) سے وابستہ رہے، جہاں انہوں نے مختلف نجی بینکوں میں خدمات انجام دینے کے بعد متعدد اہم قائدانہ عہدوں پر ذمہ داریاں نبھائیں۔ بینک آف پنجاب میں اپنے دورِ ملازمت کے دوران انہوں نے بینک کے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ ڈویژن کی تنظیمِ نو میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ ایس ایم ای اور کمرشل بینکنگ کے شعبوں کے قیام، استحکام اور ترقی میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں، جس سے بینک کی کاروباری وسعت اور اسٹریٹجک ترقی میں اہم پیش رفت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ہائی کورٹ؛ حکومت کو 10 روز میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی مستقل تعیناتی کی ہدایت

تعلیمی پس منظر اور چیئرمین بینک کا پیغام:

ملک محمد بابر ایاز نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) سے ایگزیکٹو ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی، جہاں انہوں نے اپنی شاندار اور نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر ڈینز آنر رول میں جگہ بنائی۔ ان کا مضبوط تعلیمی پس منظر، وسیع قائدانہ تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت ان کے معیارِ کار، مسلسل سیکھنے کے جذبے اور بہترین قیادت کے واضح عکاس ہیں۔

اس اہم موقع پر چیف سیکرٹری حکومتِ آزاد ریاست جموں و کشمیر اور چیئرمین بینک آف آزاد جموں و کشمیر، جناب خوشحال خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہیں وسیع تجربہ رکھنے والے ایک پیشہ ور بینکار کی قیادت میسر آئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی سربراہی میں بینک مالیاتی شمولیت، ایس ایم ایز کو بااختیار بنانے اور بینک کو ترقی کی نئی منازل تک پہنچانے میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا، جبکہ اسے ملک گیر کمرشل بینکنگ لائسنس کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

نئے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عزم:

عہدہ سنبھالنے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، ملک محمد بابر ایاز نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور ادارہ جاتی تبدیلی کے اس اہم مرحلے پر اس ادارے کا حصہ بننا ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ بینک نے اپنے صارفین کے اعتماد، ملازمین کی محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کے باعث آزاد جموں و کشمیر کے ممتاز سرکاری مالیاتی ادارے کی حیثیت سے ایک قابلِ احترام مقام حاصل کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی اپنے اصل ایجنڈے پر آ گئی، سردار امان کے بیان نے سب پول کھول دی

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کامل یقین ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز، انتظامیہ، ملازمین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ہم بینک کی مالی کارکردگی کو مزید مضبوط بنائیں گے، ڈیجیٹل بینکاری کے عمل کو تیز کریں گے، اسلامی اور ایس ایم ای بینکاری کو وسعت دیں گے، صارفین کو مزید معیاری خدمات فراہم کریں گے، کارپوریٹ گورننس اور رسک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے اور خطے میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دیں گے۔ ہماری اولین ترجیح جدت، آپریشنل بہترین کارکردگی، پائیدار ترقی اور اپنے صارفین، مقامی آبادی اور آزاد جموں و کشمیر کی معیشت کے لیے دیرپا قدر پیدا کرنا ہوگی۔