ہائی کورٹ؛ حکومت کو 10 روز میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی مستقل تعیناتی کی ہدایت

مظفرآباد: معزز ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کی مستقل تعیناتی کے حوالے سے بڑا اور اہم حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے حکومت کو سخت ہدایات دیتے ہوئے پابند کیا ہے کہ وہ سابقہ عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

ہائی کورٹ آزاد کشمیر نے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور سی ای او کی مستقل تعیناتی کے کیس پر سماعت کرتے ہوئے حکومتی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ معزز عدالت نے واضح کیا کہ بینک کے اعلیٰ ترین انتظامی عہدے کو طویل عرصے تک عارضی بنیادوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور اس اہم ترین پوزیشن پر مستقل تقرری ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، تمام سرکاری محکموں کے چیلنج شدہ اشتہارات معطل

عدالت عالیہ نے حکومت آزاد کشمیر کو حتمی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات کی روشنی میں تمام ضروری قانونی کارروائی اور مروجہ ضابطے مکمل کرتے ہوئے آئندہ دس روز کے اندر بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صدر/سی ای او کی مستقل تعیناتی کا عمل ہر صورت مکمل کرے۔

قانونی و معاشی ماہرین کے مطابق ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے انتظامی اور مالیاتی امور میں مزید استحکام آئے گا۔ بینک کے مستقل سربراہ کی تعیناتی سے ادارے کی پالیسیوں اور مستقبل کے منصوبوں کو بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی، جس کا براہِ راست فائدہ ریاست کے مالیاتی نظام کو ہوگا۔

مزید پڑھیں:آزادکشمیر : 6ارب 60کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء ہائیکورٹ میں چیلنج،فریقین کو نوٹس جاری