دوسرا ٹیسٹ، قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کیخلاف43رنز کی برتری

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں387 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پورٹ آف اسپین میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 2 وکٹ پر 266 رنز پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ،پاکستانی بولرز کا کم بیک، ویسٹ انڈیز ٹیم344رنز پر ڈھیر، بیٹرز کی بھی شاندار کارکردگی

کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے دن کا آغاز کیا تاہم دونوں بیٹرز گزشت روز کی شاندار شراکت کو زیادہ دیر آگے نا بڑھا سکے اور بابر اعظم 147 گیندوں پر 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف 12 رنز پہلے آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی اور ٹیم نے صرف 6 گیندوں کے دوران مزید 2 وکٹیں گنوا دیں۔

بعد ازاں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے عبداللہ شفیق کا ساتھ دیا اور دونوں نے 25 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 300 رنز سے آگے پہنچایا، تاہم رضوان 18 رنز بنا کر جومیل واریکن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق نے ساجد خان کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور دونوں کھلاڑی نے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔

ساجد خان 71 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، علی عثمان 10 رنز جبکہ عبید شاہ اور محمد علی صفر پر آؤٹ ہوئے

پاکستان کے عبداللہ شفیق 323 گیندوں پر 160 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان ٹیم کو اس وقت ویسٹ انڈیز پر 43 رنز کی برتری حاصل ہے۔

یاد رہے ویسٹ انڈیز نے پورٹ آف اسپین ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ہوم ٹیم نے دوسرے دن تک کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے پہلے دن 5وکٹوں پر 239رنز بنالئے

پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4، عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔