پاکستان میں کام کرنیوالے غیر ملکی میڈیا سے منسلک صحافیوں کیلئے نیا ضابطہ اخلاق جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی حکومت نے پاکستان میں کام کرنیوالے غیر ملکی میڈیا ، صحافیوں اور غیر ملکی صحافتی اداروںسے وابستہ افرادکیلئے ’’فارن میڈیا فیسیلیٹیشن گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

دستاویزات کے مطابق رجسٹریشن، ایکریڈیٹیشن، نقل و حرکت اور ضابطہ کار سے متعلق نئی شرائط متعارف کروادی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے غیر ملکی یا بین الاقوامی میڈیا ہائوسز کیساتھ منسلک تمام صحافیوں، فری لانسرز، اسٹرنگرز، فکسرز، اسپانسرز، میڈیا پروفیشنلزاور دیگر متعلقہ افراد کیلئے ای پی ونگ میں رجسٹریشن لازمی قرار دیدی۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ (ای پی ونگ) کی جانب سے جاری پانچ صفحات پر مشتمل گائیڈ لائنز کے مطابق مذکورہ گائیڈ لائنز پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل، سوشل میڈیا اور ویب پر مبنی تمام غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارمز پر لاگو ہوں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قاہرہ ،نیل ڈیلٹا ،اسکندریہ لرز گئے، لوگوں میں خوف وہراس ،الرٹ جاری

گائیڈ لائنز کےمطابق پاکستان میں مقیم تمام ایسے صحافی جو کسی بھی حیثیت میں غیر ملکی میڈیا کیلئے اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں انہیں ای پی ونگ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔

جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی صحافیوں کو درخواست ای پی ونگ پورٹل کے ساتھ قریبی پاکستانی سفارتخانے یا ہائی کمیشن کے ذریعے بھی جمع کروانا لازمی قرار دیدی ہیں۔

دستاویز کے مطابق غیر ملکی میڈیا کے لیے سہولت کاری کرنے والی تمام کمپنیوں، پروڈکشن ہاؤسز اور اداروں کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ صرف رجسٹریشن سے کسی شخص کو سرکاری حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔

مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ آن لائن درخواست دینا ہوگی۔ مستقل ایکریڈیٹیشن ایک سال کیلئے جاری کیا جائےگا جبکہ غیر ملکی دورے پر آنیوالے صحافیوں کو زیادہ سے زیادہ تین ماہ کے لیے عارضی ایکریڈیٹیشن دی جا سکے گی۔

دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ ای پی ونگ کا ایکریڈیٹیشن کارڈ کسی بھی شخص کو حکومت پاکستان کا سرکاری نمائندہ قرار نہیں دیتا اور نہ ہی اسے ویزا کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، جب تک وزارت اطلاعات سفارتی ذرائع سے اس کی سفارش نہ کرے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق رجسٹریشن کارڈ سات ورکنگ ڈیز اور ایکریڈیٹیشن کارڈ چار سے چھ ہفتوں میں جاری کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ای پی ونگ ضرورت پڑنے پر اضافی معلومات یا دستاویزات بھی طلب کر سکتا ہے۔

کوئی شخص ایکریڈیٹیشن کارڈ کا غلط استعمال کرے، جعلی دستاویزات جمع کرائے تنظیم تبدیل کرنے یا اس سے علیحدگی کی بروقت اطلاع نہ دے، یا پاکستان کی خودمختاری، سلامتی، نظریے یا امن عامہ کیخلاف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے تو اس کی رجسٹریشن یا ایکریڈیٹیشن معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے۔